Aaj Logo

شائع 12 مارچ 2024 09:12pm

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وراثت میں خواتین کو حق دلانے کیلئے قوانین میں ترامیم کی ہدایت کردی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وراثت میں خواتین کو ان کا حق دلانے کیلئے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت گزشتہ روز بورڈ آف ریونیو کا اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ حکام کی جانب سے بورڈ آف ریونیو کے انتظامی معاملات، اصلاحات اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔

اس دوران وزیراعلیٰ کو بورڈ آف ریونیو کے تحت اکٹھے کئے جانے والے ٹیکسز اور ترقیاتی منصوبوں بارے بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو صوبے میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کا پہلا مرحلہ جون 2024ء تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ کمپیوٹرائزیشن کا دوسرا مرحلہ دسمبر 2024ء تک مکمل کیا جائے، لینڈ کمپیوٹرائزیشن کا عمل مکمل ہونے سے پہلے اضلاع کی سطح پر درکار ضروری عملے کی تعیناتی یقینی بنائی جائے اور پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لئے بورڈ آف ریونیو میں بنیادی اصلاحات متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لئے ریونیو کے لیگل فریم ورک میں ضروری ترامیم پر کام شروع کیا جائے، یہ ترامیم جلد سے جلد متعلقہ فورمز کی منظوری کے لئے پیش کی جائیں، شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ہر قسم کے سٹیمپز کو ای سٹیمپز پر منتقل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کاشت کے مسائل سنجیدہ نوعیت کے ہیں ان کو حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

Read Comments