ریلائنس فاؤنڈیشن کی چئیر پرسن نیتا امبانی ںے ممبئی میں ہونے والی ایک تقریب میں مغل بادشاہ شاہ جہاں کا بازو بند پہن لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے، کہ معروف بھارتی خاتون نیتا امبانی نے ممبئی میں جیو ورلڈ کنونش سینٹر میں 71 ویں مس ورلڈ فائنلز کی تقریب میں مغل دور کی جیولری کا انتخاب کیا تھا۔
اس تقریب میں نیتا امبانی نے بنارسی جانگلا ساڑھی زیب تن کی ہوئی تھی، جبکہ اس ساڑھی کے ڈیزائن اور بناوٹ میں معروف ڈیزائنر منیش ملہوترا اور سوادیش نے حصہ لیا۔
تاہم بھارتی میڈیا نے ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ کی جانب سے دعوے کو بھی خبر میں شامل کیا۔
جس کے مطابق نیتا امبانی کے بازو پر موجود جیولری کوئی عام جیولری نہیں ہے۔
بلکہ نیتا کے بازو میں موجود کلگی یعنی بازو بند مغل دور کے مرزا شہاب الدین محمد خرم المعروف شاہ جہاں کا ہے۔
اس بازو بند کو آخری مرتبہ 2019 میں ال تھائی کلیکشن میں دیکھا گیا تھا، جہاں اس کی نیلامی کی جا رہی تھی۔
ںیتا امبانی کے بازو میں موجود اس بازو بند کی قیمت 2 ارب بھارتی روپے جو کہ پاکستانی 6 ارب روپے سے زائد بنتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ تاریخی ہونے کے ساتھ ساتھ 13 اعشاریہ 7 سینٹی میٹر ہائیٹ اور 19 اعشاریہ 8 سینٹی میٹر کی چوڑائی والے اس بازو بند میں اصلی ہیرے جواہرات شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس بازو بند میں ڈائنمنڈ، روبیز اور سپینلز کا استعمال کیا گیا ہے۔