نو منتخب وفاقی کابینہ میں شامل وزراء کے قلمدانوں کا اعلان کردیا گیا ہے، اس نئی حکومت کا حجم گزشتہ اٹھارہ سالہ حکومتی ادوار کے تناسب سے انتہائی کم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی 19 رکنی وفاقی کابینہ آج (پیر) کو حلف اٹھایا تھا جس کے بعد وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس بھی ہوا۔
اجلاس کے بعد کابینہ میں قلمدانوں کی تقسیم کا نوٹفکیشن جاری ہوا، جس کے مطابق خواجہ آصف کو وزارت دفاع کے ساتھ دفاعی پیداوار اور ایوی ایشن کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔
قیصر احمد شیخ کو وزارت میری ٹائم افئیرز اور ریاض پیرزادہ کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس دی گئی ہے۔
نوٹفکیشن کے مطابق اسحاق ڈار وزیر خارجہ ہوں گے جبکہ احسن اقبال وزیرمنصوبہ بندی اور ترقی، عبدالعلیم خان وزیرنجکاری، جام کمال خان وزیرتجارت اور اویس احمد خان لغاری کو وزیر ریلوے مقرر کیا گیا ہے۔
بورڈ آف انویسٹمنٹ کا اضافی چارج بھی عبدالعلیم خان کے پاس ہو گا۔
اس کے علاوہ عطا تارڑ وزیراطلاعات اور نشریات ہوں گے، رانا تنویر حسین وزیر صنعت و پیداوار، خالد مقبول صدیقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اعظم نذیر تارڑ وزیر قانون ہوں گے اور انہیں وزارت انسانی حقوق کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔
مصدق ملک کو وزارت پیٹرولیم اور توانائی، چوہدری سالک حسین کو وزیر سمندر پار پاکستانیز و انسانی ترقی تفویض کی گئی ہے جبکہ امیر مقام سیفران کے وزیر ہوں گے اور وزارت قومی ورثہ و ثقافت کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہو گا۔
احمد چیمہ کو وزارت اقتصادی امور کا قلمدان سونپ دیا گیا، اسٹیبلشمنٹ کا اضافی چارج بھی احد چیمہ کے پاس ہوگا جبکہ سید محسن نقوی کو وزارت داخلہ کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے، تاہم وزارت انسداد منشیات کا اضافی چارج بھی ان کو دیا گیا ہے۔