Aaj Logo

شائع 11 مارچ 2024 10:04pm

سحری میں کھانے والی غذائیں جو آپ کو دن بھر توانا رکھ سکتی ہیں

جس طرح عام دنوں میں صبح کا ناشتہ ہمارے دن کا سب سے اہم کھانا ہوتا ہے، اسی طرح جب رمضان کی بات آتی ہے تو سحری سب سے اہم کھانا ہوتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ سحری میں پیٹ بھرنے والا غذائیت سے بھرپور کھانا کھائیں جو آپ کو دن بھر کے طویل روزے کے دوران مکمل طور پر تقویت بخشتا رہے۔

اگر آپ سحری میں کھائے جانے والے کھانے کا انتخاب ٹھیک طریقے سے نہیں کرتے تو آپ دن کے کسی بھی حصے میں اپنی توانائی کھو دیں گے۔

لہٰذا پیٹ بھرنے کے ساتھ ساتھ سحری کا تقویت بخش ہونا بھی انتہائی ضروری ہے تاکہ آپ دن بھر چُست اور توانا رہ سکیں۔

ذیل میں کچھ ایسے کھانوں کی فہرست دی جا رہی ہے جو سحری میں کھانا انتہائی ضروری ہیں تاکہ آپ کا روزہ اچھے سے گزرے اور آپ کو روزے کی حالت میں کمزوری یا ناتوانی کا احساس نہ ہو۔

دہی

دہی سحری کے لیے طاقت سے بھرپور ناشتے میں شامل ایک اہم جز ہے۔

پروٹین کی طاقت سے بھرپور دہی سے بھرا ایک پیالہ سحری میں کھانے سے آپ کو دن بھر پیاس نہیں لگتی اور یہ آپ کو چاق چوبند بھی رکھتا ہے۔

سحری میں دہی کھانا روزے کے طویل دن کی تیاری کا بہترین طریقہ ہے۔

فروٹ سلاد

پھل کھانے کا کوئی بھی وقت کبھی غلط نہیں ہوتا اور آپ کے پسندیدہ پھلوں سے بھرا ایک شاندار پیالہ سحری میں کھانے کے لیے بہترین انتخاب ہے۔

پھل ناصرف آپ کی صحت کے لیے بہترین ہیں بلکہ دیگر غذائی اجزاء پروٹین، کیلشیئم، آئرن اور مختلف قسم کے وٹامنز سے بھی مالا مال ہیں۔

فروٹ سلاد سحری میں کھانے کے لیے بہترین انتخاب ہے۔

انڈا پراٹھا

آپ کے کلاسیکل اور دیسی ناشتے یعنی انڈا پراٹھے کو کوئی اور ڈش زیر نہیں کرسکتی۔ یہ پروٹین اور صحت مند فیٹس کا ایک بہترین مجموعہ ہے جو ناصرف آپ کا پیٹ بھرتا ہے بلکہ آپ کو بھر پور توانائی بھی فراہم کرتا ہے، جو دن بھر کے طویل روزے میں آپ کو چست اور توانا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

اسے بنانا بھی آسان ہے اور سحری کے اوقات میں جب آپ کے پاس وقت کی تنگی ہوتی ہے تو ایسے میں یہ آپ کا وقت بھی بچائے گا۔

لہٰذا ہمارا مشورہ ہے کہ ایک مکمل سحری کے لیے انڈا پراٹھے کو اپنے کھانے کا لازمی حصہ بنائیں۔

اسمودی (شیک)

اگر آپ آدھی رات کو بھاری کھانے کا شوق نہیں رکھتے تو اسمودی یا شیک آپ کا بہترین دوست ثابت ہوگا۔

اسمودی آپ کے لیے بے حد متناسب، صحت مند، ذائقہ دار اور سحری کے لیے ایک مکمل غذا ہے جو آپ کو روزے کا ایک طویل دن گزارنے کے دوران تندرست رکھنے کے لیے بہترین انتخاب ہے۔

سحری کے وقت اپنے پسندیدہ پھلوں کی صحت مند اور خوش ذائقہ اسمودی بنائیں، اس کے ایک بڑے گلاس سے بھر پور لطف اٹھائیں اور دن بھر چاق چوبند اور توانا رہیں۔

Read Comments