معروف بھارتی سابق کھلاڑی عرفان پٹھان کے بھائی یوسف پٹھان بھارتی لوگ سبھا کے انتخابات میں ترینامول پارٹی کے امیدوار سامنے آئے ہیں۔
بھارتی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کی سیاسی جماعت آل انڈیا ترینامول پارٹی نے بہرام پور سے یوسف پٹھان کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔
امیدوار نامزد کیے جانے پر مخالف جماعت کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ترینامول کو سابق کھلاڑی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لوک سبھا کے بجائے راجیہ سبھا کا امیدوار نامزد کرنا چاہیے تھا۔
کانگریس رہنما ادھیر چوہدری بہرام پور کے معروف سیاستدان ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق بہرام پور میں لوک سبھا کے لیے کانگریس کی طرف سے ادھیر چوہدری مضبوط امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں، جن کا بہرام پور میں مضبوط ہولڈ ہے۔
ادھیر چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ بنگال سے باہر کے امیدواروں کو راجیہ سبھا کا ٹکٹ ملا ہے، اگر ترینامول پارٹی سچ میں یوسف پٹھان کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہے، انہیں لوک سبھا کا ٹکٹ دے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ممتا بینرجی کے ارادے نیک ہیں، تو وہ یوسف پٹھان کو گجرات کی سیٹ دلوائیں۔ مگر یہاں وہ عام عوام کے بجائے بی جے پی کی مدد کریں گے، تاکہ کانگریس کو ہرایا جا سکے۔
بھارت کی ترینامول پارٹی نے اتوار کے روز لوک سبھا کے لیے 42 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔ جس میں سابق کرکٹر یوسف پٹھان کا نام بھی شامل ہے۔ جبکہ بنگالی اداکارہ رچنا بینرجی کو بھی امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بی جے پی نے محمد شامی کو لوک سبھا کے الیکشن میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن یہ فیصلہ محض کرکٹر کی حوصلہ افزائی کے لیے نہیں بلکہ ایک سیاسی چال کے طور پر کیا گیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق محمد شامی کو مغربی بنگال کے علاقے بصیرہاٹ سے میدان میں اتارا جائے گا جہاں کا ایک گاؤں سندیش خالی حالیہ دنوں خبروں میں تھا۔ سندیش خالی کے خبروں میں ہونے کا سبب وہاں ایک مسلمان سیاستدان شیخ شاہ جہاں کی مقبولیت اور ان سے جڑے تنازعات ہیں۔ شیخ شاہ جہاں کا تعلق ترنمول کانگریس سے ہے اور علاقے میں سب لوگ انہیں ’بھائی‘ کہہ کر بلاتے ہیں۔
یوسف پٹھان کے بھائی عرفان پٹھان نے بھائی کو سپورٹ کرتے ہوئے کہا کہ تمہارا صبر، رحم دلی، لوگوں کو مدد کرنے کا جذبہ وہ بھی اس صورت میں جب آپ کے پاس کوئی آفیشل عہدہ نہیں ہے، سب کو نظر آ رہا ہے۔
میں پُر امید ہوں کہ ایک بار آپ سیاست میں آ گئے، تو آپ عام عوام کی زندگی میں تبدیلی ضرور لاؤ گے۔