Aaj Logo

اپ ڈیٹ 10 مارچ 2024 06:30pm

پی ایس ایل 9: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا

پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 27 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کا 229 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ کامیابی کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

میچ کے اختتامی لمحات میں عماد وسیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔ 20 ویں اوور کی آخری دو گیندوں پر جب سات رنز درکار تھے تو انہوں نے ایک چھکا اور چوکا لگاکر ٹیم کو جیت دلادی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے بڑے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی دو وکٹیں 4 رنز کے مجموعی اسکور پر ہی گر گئی تھیں۔

الیکس ہیلز صفر اور آغا سلمان 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کولن منرو اور کپتان شاداب خان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دونوں کے مابین 64 گیندوں پر 141 رنز کی شراکت ہوئی۔

کولن منرو 84 اور شاداب خان 54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، حیدر علی نے 19، فہیم اشرف نے 23رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کی طرف سے عباس آفریدی نے 3، محمد علی نے 2، ڈیوڈ ولی اور کرس جورڈن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز کی اننگز

ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے۔

اوپنر یاسر خان اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 44 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کپتان رضوان 20 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یاسر خان 33 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں جونسن چارلس نے 16 گیندوں پر 42، کپتان محمد رضوان 20، افتخار احمد 13 جبکہ کرس جارڈن 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے جارحانہ کھیل پیش کرنے والے اوپننگ بلے باز عثمان خان نے پی ایس ایل کی تیسری سینچری اسکور کی، انہوں نے 50 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے 2، نسیم شاہ اور حنین شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے موقع پر کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر پلے آف مرحلے تک رسائی کے امکان کو بڑھانا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ میچ میں کامیابی کے لیے پرعزم ہیں، کوشش کریں گے میچ میں فتح حاصل کرکے جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کپتان شاداب خان، ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، اعظم خان، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، حنین شاہ، نسیم شاہ، تیمل ملز ہیں۔

ملتان سلطانز

ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان یاسر خان، طیب طاہر، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، کرس جارڈن، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی شامل ہیں۔

واضح رہے ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9 کے آج آخری ڈبل ہیڈر میچزہوں گے، آج کا دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے مابین شام 7 بجے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے پی ایس ایل کے 26ویں میچ میں کراچی کنگز نےلاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹ سے ہرا کرپوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل کے مطابق ملتان سلطانز اور پشاور زلمی پلے آف میں پہنچ چکی ہیں، اور لاہور قلندرز پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔

تاہم کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان پلے آف میں پہنچنے کے لیے رسہ کشی جاری ہے۔ کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف اہم فتح کے بعد 8 پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں۔ کراچی کنگز کو اپنا آخری میچ لازمی جیتنا ہے جبکہ پلے آف میں پہنچنے کے لیے اس کا انحصار اسلام آباد یونائیٹڈ کی آخری میچ میں ناکامی یا پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اپنے دونوں میچز میں ناکامی پر ہوگا۔

Read Comments