سندھ کے شہر نواب شاہ اور لاڑکانہ میں مختلف ٹریفک حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔
نواب شاہ کی تحصیل قاضی احمد میں شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں، قومی شاہراہ بائی پاس پر باراتیوں کی گاڑی ٹرالر سے ٹکراگئی۔
حادثے میں 6 باراتی جاں بحق جبکہ 10سے زائد افراد زخمی ہوگئے جبکہ 3 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
پولیس کے مطابق بارات دلہن کی رخصتی لے کر گاؤں واپس آرہی تھی کہ گاڑی بے قابو ہوکر ٹرالر سے ٹکراگئی، جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین، 2 بچے اور 2 مرد شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع پر امدادی ٹیموں نے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا۔
دوسری جانب لاڑکانہ میں موئنجودڑو کے قریب موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں احمد علی، 4 سالہ ساجن اور 5 سالہ بسمہ شامل ہیں جبکہ مرنے والوں کا تعلق گاؤں راوت کھیڑو سے بتایا جاتا ہے۔
متعلقہ تھانہ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں کو اسپتال منتقل کیا، ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔
واقعے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیو فرار ہوگیا اور پولیس نے ٹیکٹر ٹرالی کو اپنی تحویل میں لے لیا۔