پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے رحیم یار خان کے قریب فیلڈ مشقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کیلئے تیار رہنا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو مشق ”شمشیر صحرا“ کے بارے میں بریفنگ دی گئی، مشق کا مقصد پیشہ وارانہ صلاحیت میں اضافہ اور چیلنجز سے نمٹنے کی تیاری ہے۔
دورے کے دوران آرمی چیف نے ٹینک، انفنٹری، آرٹلری ایئرڈیفنس، اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کا مشاہدہ کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مشق میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھی حصہ لیا، مشق میں الیکٹرانک وار فیئر کی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کو بھی شامل کیا گیا۔
آرمی چیف نے مشق کے علاقے میں فوجیوں کے ساتھ دن گزارا، جنرل عاصم منیر نے آپریشنل تیاریوں اور تمام رینک کے اعلیٰ حوصلے کی تعریف کی۔
اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کیلئے تیار رہنا چاہیے، افواج علاقائی سالمیت اور خود مختاری کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اس سے قبل فیلڈ ایریا پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیو ایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔