وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا بڑا اعلان سامنے آگیا، کہا ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ پشاور میں وزیر اعلیٰ نے رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے بارے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو عوام کو ریلیف دینے پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں وزیر اعلیٰ کے پی کے کو بتایا گیا کہ رمضان میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر قابو رکھنے کے لئے کنٹرول رومز قائم کئے جائینگے، عوامی شکایات کے آزالے کے لئے منڈیوں اور بازاروں میں مانیٹرنگ ڈیسک قائم کیے جائینگے جبکہ قیمتیں کنٹرول کرنے کے لئے موبائل ٹیمیں بھی تعینات کی جائیں گی۔
وزیراعلی نے ہدایت جاری کی کہ رمضان کے مہینے میں خیبر پختونخوا میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں دوسرے صوبوں سے کم ہونی چاہئیں، جن اضلاع میں سرکاری سبزی منڈیاں موجود نہیں وہاں پر فی الفور منڈیاں قائم کی جائیں، رمضان میں کوئی مخصوص سستا بازار نہیں ہوگا، ہر بازار کو سستا بازار یقینی بنایا جائے۔
علی امین گنڈا پور نے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لائحہ عمل پر کل سے عمل درآمد شروع کرنے کی ہدایت کی۔
علی امین گنڈاپور نے کہاسختی سے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران خود فیلڈ میں نکل کر نگرانی کریں گے عوامی سہولت کے لیے تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز سرکاری نرخ نامے اپنے سوشل میڈیا پیجز پر اپلوڈ کریں گے۔
وزیر اعلی کے پی نے کہا کہ رمضان میں ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھی جائے، ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے تدارک کے لئے اسپیشل برانچ کی خدمات حاصل کی جائیں اور ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کی تصاویر شائع کی جائیں گی۔