سعودی ادارہ فلکیات کے سربراہ شرف السفیانی نے کہا ہے کہ 10 مارچ کو مقامی وقت کے مطابق دو پہر 12 بجے رمضان کے چاند کی پیدائش ہوگی، سعودی عرب میں پہلا روزہ 11 مارچ کو ہوگا۔
شرف السفیانی کے مطابق مکہ مکرمہ کے وقت کے مطابق اتوار کو 6 بجکر 27 منٹ پر سورج غروب ہوگا جبکہ رمضان کا چاند 13 منٹ تک افق پر رہے گا۔
اس اعتبار سے اتوار کے روز رمضان کے ہلال کا مشاہدہ ممکن ہوگا۔ یوں پہلا روزہ 11 مارچ بروز سوموار کو ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ یہ محض فلکی حساب ہے، تاہم رمضان کے ہلال کا ثبوت سپریم کورٹ میں گواہی اندراج کرانے سے ہی ہوگا۔
ادھر مصر میں بھی ادارہ فلکیات کے سربراہ جاد القاضی نے کہاکہ رمضان المبارک 2024 کا آغاز پیر کو ہوگا جب کہ ماہ صیام کے 30 دن ہوں گے۔
العربیہ ٹی وی کے مطابقان کا کہنا تھا کہ چاند کی پیدائش مصر کے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے ہوگی اور چاند غروب آفتاب کے بعد 13 سے 15 منٹ تک افق پر رہے گا۔