Aaj Logo

شائع 05 مارچ 2024 07:18pm

بجلی مہنگی ہونے کے سبب صنعتوں نے استعمال ترک کردیا، کھپت میں نمایاں کمی

پاکستان کی سب سے بڑی نجی پاور کمپنی حب کو لمیٹڈ کو توقع ہے کہ اس سال اضافی ٹیرف اور کم ہوتی صنعتی سرگرمیوں کے باعث ملک میں بجلی کی کھپت کم ہوگی۔

انرجی تھنک ٹینک ایمبر کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان میں بجلی کی طلب میں گزشتہ سال تقریباً چھ مرتبہ کمی واقع ہوئی تھی اور اب 2024 میں اگر یہ کمی ہوئی تو 16 سالوں میں پہلی مرتبہ ایسا ہوگا کہ دو سال مسلسل سالانہ بجلی کے استعمال میں کمی آئی ہو۔

حب کو کے چیف فنانشل آفیسر محمد ثاقب نے کراچی میں انرجی سمٹ 2024 کانفرنس کے موقع پر روئٹرز کو بتایا کہ ’صنعت کی طرف مانگ میں تباہ کن کمی ہے کیونکہ بدقسمتی سے صنعت ترقی نہیں کر رہی۔‘

پاکستان کی ترقی پذیر معیشت میں بجلی کی کھپت ایک اہم معاشی اشارہ ہے اور اس سال متوقع کمی غریبوں میں بڑھتی ہوئی بے اطمینانی کے درمیان قرضوں کے بوجھ تلے دبے پاکستان میں نو منتخب حکومت کو درپیش چیلنجوں کی نشاندہی کرتی ہے۔

محمد ثاقب کا کہنا تھا کہ ’صارفین کے ٹیرف میں نمایاں اضافے کی وجہ سے، لوگ ظاہر ہے کہ بجلی بچانے کی کوشش میں ایندھن کی بچت کریں گے۔‘

گرڈ کے مسائل، ایندھن کی درآمد میں تاخیر اور ہارڈ کرنسی کی قلت کی وجہ سے، خاص طور پر دور دراز کے دیہی علاقوں میں پاکستان میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ اکثر ہوتی رہتی ہے، حالانکہ حالیہ مہینوں میں اس طرح کی بندش کی تعداد میں کمی آئی ہے۔

ثاقب نے کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں پاکستان میں بجلی کے گرڈ میں طویل عرصے سے التوا کا شکار اپ گریڈ کی ناکامی بجلی کی فراہمی کے غیر موثر نمونوں میں حصہ ڈالے گی، جس میں قدرتی گیس جیسے سستے متبادل کی دستیابی کے باوجود مہنگے اور زیادہ آلودگی پھیلانے والے فرنس آئل کا استعمال شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرنس آئل استعمال کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے کیونکہ پاکستان کے پاس درآمدی ایل این جی (مائع قدرتی گیس) کی کافی گنجائش ہے۔ لیکن گرڈ کی رکاوٹوں کی وجہ سے، ہمیں اس موسم گرما میں بھی فرنس آئل استعمال کرنا پڑتا ہے’۔

پاکستان بجلی کی پیداوار کے لیے فرنس آئل کے استعمال کو کم کرنے اور قدرتی گیس سے چلنے والی بجلی کی پیداوار کو بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ثاقب نے کہا کہ گرڈ کی رکاوٹیں کوئلے سے چلنے والی بجلی کی پیداوار کو بھی روکیں گی اور اس وجہ سے کوئلے کی درآمدات پر بھی پابندی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاور پلانٹس پوری صلاحیت کے ساتھ چلتے ہیں تو حب کو کے اپنے پاور پلانٹس کو سالانہ 3.5 ملین میٹرک ٹن درآمدی کوئلے کی ضرورت ہوگی، لیکن کمپنی اس سال 750,000 ٹن سے زیادہ درآمدات کی پیش گوئی نہیں کرتی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ٹرانسمیشن لائنوں میں اتنی گنجائش نہیں ہے کہ درحقیقت ان درآمد شدہ کوئلے کے پلانٹس کو استعمال کیا جا سکے، حالانکہ وہ بعض اوقات ایل این جی سے چلنے والی بجلی سے سستے ہوتے ہیں۔‘

Read Comments