نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کمپنیوں کی سالانہ لائسنسنگ فیسوں میں بھاری اضافے کی تجویز دیدی۔ حتمی فیصلے سے قبل اسٹیک ہولڈرز سے 30 دن میں رائے مانگ لی گئی۔ بجلی پیداواری کمپنیوں کی سالانہ فیس میں 125 فیصد تک اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی پیداوار کمپنیوں کیلئے فیس 20 ہزار روپے سے بڑھا کر 44 ہزار 786 فی میگاواٹ اور نیشنل گرڈ کمپنی کی سالانہ فیس 115 فیصد اضافے سے 2 کروڑ 15 لاکھ روپے کرنے کی تجاویز ہیں۔
صوبائی گرڈ کمپنی کی سالانہ فیس 115 فیصد اضافے سے 53 لاکھ 70 ہزار روپے اور کے الیکٹرک سالانہ ٹرانسمشن لائسنس فیس 70 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈیڑھ کروڑ روپے کرنے کی تجاویز ہیں۔
بجلی تقسیم لائسنس سالانہ فیس 6500 روپے فی ایم وی اے اور مارکیٹ اینڈ سسٹم آپریشنز فیس 115 فیصد اضافے سے 2 کروڑ 15 لاکھ روپے سالانہ کی تجویز ہے، تاہم اسٹیک ہولڈرز کی آراء کے بعد نیپرا اتھارٹی فیس میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گی۔