استحکام پاکستان پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ق نے آصف علی زرداری کیلئے بطور صدر مملکت حمایت کا اظہار کیا ہے۔ رہنما ق لیگ چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آصف زرداری کو ووٹ دینگے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی صدارتی الیکشن کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کے ارکان صدر استحکام پاکستان عبدالعلیم خان کی رہائش گاہ پہنچے اور صدارتی انتخاب کیلئے آصف زرداری کیلئے ووٹ کی درخواست کی۔
پیپلزپارٹی کی کمیٹی میں نوید قمر،سید خورشید شاہ ،یوسف رضا گیلانی،اسحاق ڈار شامل تھے ۔
اس موقع پر صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کاکہنا تھاکہ میں پیپلزپارٹی کے وفد اور اسحاق ڈار کو خوش آمدید کہتا ہوں، اعزاز کی بات ہے کہ یہ میرے گھرآصف علی زرداری کیلئے ووٹ مانگنے آئے، استحکام پاکستان پورے دل سے ان کے ساتھ ہے۔
علیم خان نے کہا کہ ہم پنجاب اور مرکز میں آصف زرداری کو ووٹ ڈالیں گے، میرے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے۔ ہم اس ملک کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے جو ہوا وہ کرینگے۔ پاکستان پر برا وقت ہے لوگ مشکل کا شکار ہے۔اس وقت ہم سب کو اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے۔ الیکشن کے مسائل کو بھولنے کی ضرورت ہے۔ تمام بڑی پارٹیوں کو ایک ایک صوبہ مل گیا ہے۔
عبدالعلیم خان کاکہنا تھاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ لوگ پریشانیوں کا شکار ہیں مزید پریشان نہیں کرنا چاہتے۔ اپوزیشن کی جماعتوں کا حق ہے حکومت کی غلطیوں کی نشاندہی کرے لیکن ملکی مفاد کو پہلے رکھنا چاہیے۔ ہم اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کردار ادا کریں گے اور جہاں غلطیاں ہمیں نظر آئیں ہم ان کی نشاندہی کریں گے۔
علیم خان نے کہا کہ حکومت بنانا جس کا حق ہے انہوں نے ہی حکومت بنائی ہے۔
صدر استحکام پاکستان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کا رزلٹ سب کو منظور ہیں۔ خیبر پختونخوا کا رزلٹ ان کو بھی منظور ہے جن کو باقیوں پر اعتراض ہے۔ اگر دھاندلی ہوئی ہے تو ایک صوبے کو چھوڑ کر کیوں ہوئی ہے؟ آپ کہیں کہ خیبرپختونخوا میں ہمیں جو سیٹیں ملی ہے وہ دھاندلی سے ملی ہے ۔اتنا تو جرات کا مظاہرہ تو کرنا ہوگا ۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا شکریہ جنہوں نے آصف زرداری کی حمایت کا اعلان کردیا۔علیم خان کی باتوں سے مکمل اتفاق کرتا ہوں۔
پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کا وفد صدارتی الیکشن میں آصف زرداری کیلئے ووٹ مانگنے کیلئے پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ بھی گیا۔
وفد نے پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر و نو منتخب ممبر قومی اسمبلی چوہدری سالک حسین، چوہدری طارق بشیر چیمہ اور فرخ خان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ وفد میں اسحاق ڈار، یوسف رضا گیلانی، نوید قمر، خورشید شاہ ،راجا پرویز اشرف وفد میں شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق نے صدر مملکت کے الیکشن کیلئے آصف علی زرداری کی مکمل حمایت کی ہقین دہانی کروا دی۔
اس موقع پر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین رواداری کی سیاست کرتے ہیں، ہم سب نے مل کر ہی چلنا ہے، کسی کا ذاتی مفاد نہیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آصف زرداری کو ووٹ دینگے۔