چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کے لیے درخواست مقامی شہری مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی۔
درخواست میں صادق سنجرانی اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
شہری کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ صادق سنجرانی نے بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑا، صادق سنجرانی نے الیکشن جیتا اور الیکشن کمیشن نے کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ صادق سنجرانی بیک وقت 2 سیٹیں نہیں رکھ سکتے، وہ غیر قانونی طور پر چئیرمین سینیٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن صادق سنجرانی کی بطور سینیٹر نشست خالی قرار دینے کا حکم دے اور لاہور ہائیکورٹ انہیں بطور چیئرمین سینیٹ کام کرنے سے بھی روکے۔