دلہن کی فرمائش پر دلہے نے بالائی علاقے کے برفیلے پہاڑوں کے درمیان شادی کا منڈپ تیار کر لیا ہے، منچلا جوڑا سخت ترین برفیلے مقام پر بھی شادی کا روایتی جوڑا زیب تن کیے ہوئے تھا۔
بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے نئے نویلے جوڑے نے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے، جوڑے نے گجرات کے بجائے ہماچل پردیش کے سرد ترین موسم میں شادی کی رسومات ادا کی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آریا بورا نامی خاتون کا خواب تھا کہ وہ اپنے اس اہم دن کو یادگار بنانے کے لیے منفرد انداز اپنائے، بھارتی میڈیا سے گفتگو میں آریا کا کہنا تھا کہ ہماچل پردیش کے اس مقام کی خوبصورتی اپنی مثال آپ ہے، میں بطور سیاح، چاہتی ہوں کہ لوگ اس جگہ ’سپتی ویلی‘ کے بارے میں جانیں۔
دلہن کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک منفرد مہم ہے جسے انڈیا بک آف ریکارڈ نے بھی منظوری دی ہے۔ انہوں نے ہمیں ’سب سے طویل روڈ ٹرپ ویڈنگ مہم‘ کا خطاب دیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سپتی ویلی کے بلند اور برف میں لپٹے پہاڑوں کے درمیان جوڑے نے منڈپ بنوایا ہے، جہاں جوڑا روایتی شادی کا جوڑا زیب تن کیے ہوئے تھا۔
ویڈیو شئیر کرتے ہوئے ہماچل پردیش کی حکومت میں بطور پر اسسٹنٹ پبلک ریلیشن افسر اجے بنیال کا کہنا تھا کہ ایسی بھی شادی ہوتی ہے! منگیتر کی فرمائش پر گجرات سے محبت کرنے والا جوڑا سپتی پہنچ گیا اور منڈپ کو منفی 25 ڈگری پر سجایا۔
یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے۔ سپتی کے مورنگ میں آج انوکھی شادی ہوئی ہے۔ یہ شادی ایک مثال بن گئی ہے۔
واضح رہے جوڑے نے منفی 25 ڈگری میں بھی روایتی جوڑا زیب تن کیے ہوئے تھا، خطرناک سرد ماحول میں منڈپ تیار کرنا آسان نہیں تھا تاہم مقامی انتظامیہ نے اس حوالے سے جوڑے کی مدد کی۔
دوسری جانب جوڑے کا ویڈنگ شوٹ سب کی توجہ حاصل کر رہا ہے، جس میں کپکپاتے پاتھوں کے باوجود دلہے نے دلہن کے ہاتھ کو تھاما ہوا ہے۔