Aaj Logo

شائع 28 فروری 2024 03:31pm

مریم نواز کی خاتون اہلکار کا اسکارف درست کرنے کی ویڈیو پر انٹرنیٹ تقسیم

نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عہدہ سنبھالنے کے ساتھ ہی مستعدی سے کام کا آغازکردیا ہے جس کی ویڈیو اورتصاویربھی سوشل میڈیا پربھرپورطریقے سے شیئر کی جارہی ہیں۔ تاہم مریم نواز کے ایک اقدام کو مختلف حوالوں سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

مریم نواز نے گزشتہ روز پنجاب سیف سٹی اتھارٹی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا تھا جہاں سے ان کی ایک ویڈیو خاصی وائرل ہوئی، ویڈیو میں اُنہیں بریفنگ دینے والی لیڈی پولیس اہلکارکا اسکارف سر سے سرکنے کے بعد مریم نواز کو اُسے ٹھیک کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ ویڈیو ایکس پر ’ٹیم ایم این ایس (ٹیم مریم نواز)‘ کے ہینڈل سے شیئر کی گئی جس کے تقریفی کیپشن میں وزیراعلیٰ کا یہ اقدام اجاگر کیا گیا۔

کیپشن میں لکھا تھا ، ’وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے پولیس افسر کادوپٹہ ٹھیک کرنے کا عمل اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ قیادت ہمدردی اور افہام و تفہیم کی ہوتی ہے۔‘

ویڈیو پر ملےجُلے ردعمل کا اظہار کیا گیا جہاں حامیوں کی جابنب سے تعریفی تو مخالفین کی جانب سے تنقیدی تبصرے سامنے آئے۔

ماضی میں ن لیگ کی حامی سمجھی جانے والی صحافی غریدہ فاروقی نے بھی ایکس پوسٹ میں مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناڈالا۔

غریدہ نے اپنی ٹویٹ میں اسے ’غلط ٹائمنگ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف گورننس پر توجہ دی جانی چاہئیے اور ایسا نہیں کرنا نہ چاہیے تھا نہ یہ ویڈیو پوسٹ کی جانی چاہئیے تھی۔

غریدہ نے غلط وقت کی وضاحت کرتے ہوئے دو روز قبل لاہور کی اچھرہ مارکیٹ میں پیش آنے والے واقعہ کا حوالہ دیا جہاں ایک خاتون کو عربی خطاطی والا لباس پہننے پر مشتعل ہجوم کا سامنا کرنا پڑا تھا،

انہوں نے لکھا، ’ جب ایک خاتون کو اس کے لباس کی وجہ سے لاہور میں ہراساں کیا گیا تھا.اس سے ایک رجعت پسند معاشرے میں خواتین کے لیے اخلاقیات اور لباس کوڈ کو پھیلانے میں مدد ملتی ہے۔ امید ہے کہ آگے احتیاط برتی جائے گی۔’

دیگر ٹویٹس میں بھی مریم نواز کے اس اقدام کو خود ستائشی سے جوڑتے ہوئے تنقیدی تبصرے کیے گئے۔

Read Comments