بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی، شہرکے نشیبی علاقے زیر آب آنے سے نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوکررہ گیا، بچاؤ بند بھی ٹوٹ گیا۔ بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی بلوچستان کے 14 اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
گوادر میں بارش کا سلسلہ منگل کی صبح شروع ہو کر بدھ کو علی الصبح تک جاری رہا، بارش کے باعث بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے جبکہ موبائل نیٹ ورک بھی بند ہوگیا۔ مشکل میں گھرے کئی شہری اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی پر مجبور ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی بلوچستان کے چودہ اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
ڈٖائریکٹرجنرل محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق گوادرمیں کئی دن سے بارشوں کا تیز اسپیل جاری ہے، وہاں 200 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے اور گوادر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
موسلادھاربارش نے شہر کا نظام درہم برہم کر دیا ہے، نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے۔ ملابند، فقیر کالونی سمیت متعددمضافاتی علاقوں میں بھی پانی مکانات اوردکانوں میں داخل ہو گیا ہے۔ متعدد مکانات کی چاردیواریاں منہدم ہوگئیں جبکہ شدید بارش کے باعث ساحل پر کھڑی کشتیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
گوادر پہنچنے والے کمشنر مکران ڈویژن سعید عمرانی نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے لوگ مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔گھروں کو جُزوی نقصان پہنچا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے ریسکیو کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اب تک 20 سے 25 خاندان محفوظ مقامات پر منتقل کیے جاچکے ہیں۔
نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میرعلی مردان خان ڈومکی نے بھی شہر کی صورتحال پر،پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو مربوط امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں تاہم رابطہ سڑکیں زیر آب آنے سے مشکلات کا سامنا ہے۔
نومنتخب رکن اسمبلی و حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کا کہنا ہے ک نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث گوادر میں صورتحال سنگین ہے، گوادر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر میں اربوں روپے لگائے، نکاسی آب کے ناقص نظام کی وجہ سے بارش کا پانی باہر جانے کی بجائے گھروں میں داخل ہوگیا۔
مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ اربوں روپے کے اخراجات رحمت کی بجائے لوگوں کے لیے زحمت بن گئے، حق دو تحریک کے چیئرمین حسین واڈیلہ اور رضاکار لوگوں کی ہرممکن مدد کررہے ہیں۔