قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لئے حکومتی اتحاد نے حکمت عملی تیار کرلی۔
8 فروری کے الیکشن کے بعد قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ حکام کا اجلاس ہوا۔
مرکز میں حکومت سازی کا مجوزہ شیڈول تیار کرلیا گیا، اتحادیوں نے حکومت سازی کے تمام مراحل مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کرلی، اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کی حکمت عملی بھی طے کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق 29 فروری کو نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف حلف لیں گے۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق یکم مارچ کو اسپیکر اور ڈپٹی ا سپیکر کے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے، 2 مارچ کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔
ذرائع نے مجوزہ شیڈول کے حوالے سے بتایا کہ 3 مارچ کو وزیراعظم کے انتخاب کیلئے امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے، 4 مارچ کو قومی اسمبلی نئے وزیراعظم کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے کرے گی، وزیراعظم بننے کیلئے 169 ووٹ درکار ہونگے۔