پیپلزپارٹی کے رہنما قادر مندوخیل نے کہا ہے کہ ن لیگ کا ساتھ صرف جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچانے کیلئے دیا۔ نوجوان لیگی رہنما دانیال چوہدری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ نظریہ ضرورت کے مطابق بیٹھے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عون عباس نے کہا کہ مفاہمتی بیان دینے سے مفاہمت نہیں ہوتی۔
آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے قادر مندوخیل نے کہا کہ ہرکیس کی اپنی نوعیت ہوتی ہے، 9 مئی کے واقعات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، پیپلزپارٹی کے دور میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا۔
صدر مملکت کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری پر اعتراض لگا کر واپس بھیجنے کے حوالے سے قادر مندو خیل نے کہا کہ صدر عارف علوی سمری واپس کرچکے ہیں، لیکن اسپیکر عام انتخابات کے بعد 21 روز میں اجلاس بلاسکتا ہے۔
ن لیگ کی وفاقی حکومت میں سپورٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم ن لیگ کو سپورٹ نہ کرتے تو معاملہ ختم ہو جاتا، جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچانے کیلئے سپورٹ کیا۔
دانیال چوہدری نے کہا کہ مریم نواز نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، اسمبلی میں گھنٹیاں بجتی رہیں یہ لوگ نہیں آئے، مریم نواز نے والد کے سامنے گرفتاری دی، کوشش ہوگی کہ ماؤں بہنوں کےخلاف مقدمے نہ بنیں، ہم نفرت کے بجائے مفاہمت کی بات کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ یہ جاننا ضروری ہے کہ میاں اسلم کس کیس میں ضمانت پر تھے، پیپلزپارٹی اور ہمارے نظریے مختلف ہیں، ہم نظریہ ضرورت کے مطابق ساتھ بیٹھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، قومی اسمبلی اجلاس نہ بلا کر صدر صاحب معاملات کو متنازع کر رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عون عباس نے کہا کہ مفاہمتی بیان دینے سے مفاہمت نہیں ہوتی، پنجاب اسمبلی میں دہشت گردی کی مثال قائم کی گئی، مریم نواز ایک ہفتے سے پروٹوکول لے رہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے امیدوار میاں اسلم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی ، آپ کے پاس نمبر پورے تھے تو میاں اسلم اقبال کو آنے دیتے، آج کل میاں اسلم اقبال ضمانت پر ہیں۔
شیر افضل مروت کے پیپلزپارٹی کی جانب سے رابطے کے دعوے سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے کس لیول پر رابطہ کیا، مجھے نہیں معلوم ہے۔
عون عباس نے کہا کہ ہمیں مخصوص نشستیں نہیں دی جارہی ہیں۔ انھوں نے صدر مملکت کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری پر اعتراض لگا کر واپس بھیجنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ہاؤس مکمل نہیں ہے۔