Aaj Logo

شائع 26 فروری 2024 05:32pm

نشے میں دھت مشتعل پاکستانی مسافر نے ایمریٹس کے فضائی میزبان کو ٹکر دے ماری

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے اسلام آباد آنے والی ایمریٹس ائیرلائن کی ایک پرواز میں مشتعل مسافر نے فضائی میزبان کو سر سے ٹکر ماردی، اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی، فضائی عملے نے مشتعل مسافر کو قابو میں کرکے بند کردیا۔

برطانوی اخبار ”دی مرر“ کے مطابق مذکورہ مسافر مبینہ طور پر نشے میں تھا اور اتوار کی رات پاکستان جانے والے ایمریٹس جیٹ کے بزنس کلاس سیکشن میں مشتعل ہوگیا، جس پر پرواز EK614 کے کیبن کریو نے اسے روکنے کی کوشش کی۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اسے روکنے کی کوشش میں نیچے گرادیا گیا اور روکے جانے سے پہلے اس نے ایک مرد فضائی میزبان کو سر سے ٹکر بھی ماری۔

اس کے بعد کلپ میں ایک ایئر ہوسٹس کو دکھایا گیا جو ہنگامی سیاہ کیبل تھامے بھاگتی ہوئی آتی ہے، یہ کیبل جہاز پر رکھا جاتا ہے تاکہ بے قابو مسافروں کو قابو کیا جاسکے۔

مذکورہ مسافر کے بارے میں بتایا گیا کہ اسے پیر 26 فروری کو اسلام آباد میں مقامی وقت کے مطابق 1:20 بجے کے قریب لینڈ کرنے تک سیٹ پر باندھے رکھا گیا۔

ساتھی مسافروں نے بتایا کہ وہ ہنگامہ آرائی سے ”خوفزدہ“ تھے کہ کہیں وہ ان پر بھی حملہ نہ کردے۔ لوگوں نے اس مسافر کے پاس سے بھی گزرنے سے گریز کیا۔

ایک مسافر نے بتایا کہ ’نشے میں دھت لڑکا انتہائی پرتشدد تھا۔ اسے ایمریٹس کے کیبن کریو نے روکا اور ہتھکڑیاں لگائیں لیکن میرے خیال میں پاکستانی حکام نے اسے جانے دیا کیونکہ اس کے اچھے تعلقات تھے۔

اس حوالے سے ایئر لائن کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’ایمریٹس اس بات کی تصدیق کر سکتا ہے کہ 24 فروری کو دبئی سے اسلام آباد جانے والی پرواز EK614 میں ایک بے قابو مسافر موجود تھا۔ مسافر کو کیبن کریو نے روکا اور منزل پر پہنچنے پر اسے حکام کے حوالے کر دیا گیا‘۔

دوسری جانب پاکستانی حکام نے بتایا کہ پائلٹ کے آگاہ کرنے پر نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر اے ایس ایف کو الرٹ کردیا گیا تھا، طیارے کی لینڈنگ کے بعد حسن نامی مسافر کو تحویل میں لے کرطیارے سے اتارا گیا اور اسے اے ایس ایف کے حوالے کردیا گیا۔

حکام کے مطابق مسافر کو کڑی نگرانی میں اے ایس ایف کنٹرول روم منتقل کرکے پوچھ گچھ کی گئی۔

Read Comments