امریکہ میں ایک ایسی بلی بھی گزری ہے جو کہ 100 سے زائد مریضوں کی موت کی پیش گوئی کر چکی تھی، تاہم یہ بلی 2022 میں انتقال کر گئی تھی۔
آسکر نامی بلی کو امریکہ کے مقامی اسپتال نے 2002 میں اُس وقت قبول کیا تھا، جب آسکر محض 6 ماہ کی تھی، اگرچہ شروعات میں یہ بلی ایک عام سی بلی معلوم ہوتی تھی، تاہم جب انتظامیہ نے بلی کی نقل و حرکت پر غور و فکر شروع کیا تو انتظامیہ نے بھی بلی کو موت کی پیش گوئی کرنے والی بلی تصور کر لیا۔
آسکر اکثر مریضوں کے پاس آ کر نیند مکمل کرتی، ان سے پیار کرتی اور دلچسپ آوازیں نکالتی دکھائی دی۔
اگرچہ یہ ایک عام گھریلو بلی والی عادات تھیں، تاہم صورتحال اُس وقت حیران کن ہو گئی، جن مریضوں کے پاس بلی جاتی وہ چند دنوں بعد ہی جہان فانی سے کوچ کر جاتے۔
انتظامیہ کو یہ اندازہ ہو جاتا تھا، کہ جب کبھی بلی کسی مریض کے پاس جا کر بیٹھ رہی ہے، پیار کر رہی ہے، اس کا مطلب یہ ہوتا تھا کہ اب اُس مریض کے پاس وقت کم بچا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے ایک ایسا ہی تجربہ کیا، جب بلی ایک کمزور مریض کے بجائے ایک صحت مند مریض کے پاس جا کر بیٹھ گئی اور اس سے پیار کرنے لگی، اس صورتحال نے ڈاکٹرز کو حیران کیا اور چند دن بعد ہی وہ صحت مند مریض پہلے انتقال کر گیا۔
براؤن یونی ورسٹی کے پروفیسر ڈیوڈ ڈوسا کے مطابق شروعات میں آسکر ایک پراسرار بلی معلوم ہو رہی تھی، جو کہ باہر نکلنا پسند نہیں کرتی تھی۔ اپنی ہی دنیا میں مگن رہنا آسکر کو پسند تھا، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ وہ گھل مل گئی۔
لیکن وہ جب کبھی دکھائی دیتی تو اُس مریض کے پاس بیٹھتی، جو اگلے چند دنوں میں انتقال کر جاتا تھا۔
آسکر سے متعلق ماہرین کا کہنا تھا کہ آسکر ممکنہ طور پر اُن بائیو کیمیکلز کو سونگھ سکتی ہے، جو کہ انسان کے مرتے ہوئے سیلز چھوڑتے ہیں۔ یہی وجہ ہو سکتی ہے کہ بلی اسے جانچ کر اُس مریض کے آخری لمحات کو بہترین بنانے کی کوشش کرتی ہو۔
تاہم موت کی پیش گوئی کرنے والی یہ بلی آسکر، 2022 میں انتقال کر گئی تھی۔