مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں، جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار رانا آفتاب نے خود اپنے کاغذات جمع کروائے، دونوں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔
عظمیٰ بخاری، سمیع اللّٰہ خان، منشا اللّٰہ بٹ، غزالی سلیم بٹ اور دیگر پنجاب اسمبلی پہنچے، اس کے علاوہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، کرنل (ر) ایوب اور دیگر اراکین بھی پنجاب اسمبلی پہنچے۔
ن لیگ کے اراکین اسمبلی نے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی سیکرٹری اسمبلی کو جمع کروائے۔
اس موقع پر سیکریٹری اسمبلی عامر حبیب نے اپنے چیمبر میں کاغذات وصول کیے۔
دوسری جانب سنی اتحاد کونسل کے امیدوار رانا آفتاب احمد خان نے اپنے کاغذات نامزدگی خود جمع کرائے۔
کاغذات جمع ہونے کے بعد سیکریٹری اسمبلی اسکروٹنی کے بعد حتمی ناموں کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں مسلم ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ملک محمد احمد خان 224 ووٹ لے کر اسپیکر جبکہ ظہیر اقبال چنڑ 220 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔