ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے دسویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی، سنسنی خیز میچ کا فیصلہ آخری بال پر ہوا۔ ایونٹ میں کراچی کی دوسری اور لاہور کی مسلسل چوتھی شکست تھی۔
دونوں ٹیمیوں کے درمیان میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔
کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔
لاہور نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ کراچی کنگز نے 176 رنز کا ہدف آخری بال پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
کراچی کی ابتدائی 4 وکٹیں جلد گر جانے کے بعد شعیب ملک اور کیرون پولارڈ نے بڑی شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح کے ٹریک پر گامزن کیا۔
کیرون پولارڈ نے 33 گیندوں پر 58 رنز اسکور کیے اس اننگ میں انھوں نے 5 چھکے بھی لگائے۔ جب کہ شعیب ملک 33 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
لاہور قلندرز کے زمان خان اور احسن حفیظ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ کپتان شاہین آفریدی، حارث رؤف اور جہانداد خانن نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل جب لاہور قلندرز نے بیٹنگ کی تو ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں تاہم صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کی اور ناقابل شکست رہتے ہوئے 72 رنز اسکور کیے۔ ان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ رسی وین ڈیر ڈوسن 26 رنز اور وکٹ کیپر شائی ہوپ 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
کراچی کنگز کے حسن علی، میر حمزہ، اور تبریز شمسی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ اب تک کی پرفارمنس سے مطمئن ہوں۔ اُمید ہے تمام کھلاڑی گزشتہ میچ جیسی کاکردگی دکھائیں گے۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا تھا کہ ہماری بیٹنگ اور بولنگ اب تک اچھی رہی ہے لیکن فیلڈنگ میں مسائل ہیں۔ حارث رؤف نے اب تک کلک نہیں کیا لیکن ہم زمان خان کے ساتھ ان کی فارم میں واپسی کے لیے پُرامید ہیں۔
خیال رہے کہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اب تک ایونٹ میں ایک میچ بھی نہیں جیت سکی اور تینوں میچز میں ہار گئی۔
کراچی کنگز نے دو میچ کھیلے ہیں جن میں سے ایک میں کامیاب اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ویسٹ انڈین وکٹ کیپر بلے باز شائی ہوپ بھی آج کے میچ میں لاہور قلندرز کا حصہ ہیں۔ بی پی ایل کھیلنے کی وجہ سے وہ ابتدائی تین میچز میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔
فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی وین ڈیر ڈوسن، شائی ہوپ (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، جارج لنڈے، احسن حفیظ بھٹی، جہانداد خان، شاہین آفریدی (کپتان)، حارث رؤف، زمان خان
شان مسعود (کپتان)، محمد اخلاق (وکٹ کیپر)، جیمز ونس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد نواز، عرفان خان نیازی، ڈینیئل سمس، حسن علی، میر حمزہ، تبریز شمسی