سندھ اسمبلی کے نومنتخب اراکین اپنے حلف اٹھا چکے ہیں، حلف برداری کی اس تقریب میں ان کیلئے زبردست ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا۔
ہفتہ (24 فروری) کو اسپیکر آغا سراج درّانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس 40 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔
آغا سراج درّانی نے نو منتخب اراکین سندھ اسمبلی سے حلف لیا، حلف لینے والوں میں نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فرالل تالپور، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور دیگر بھی شامل تھے.
اس موقع پر اسمبلی ہال جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔
اراکین سندھ اسمبلی نے اردو، انگریزی اور سندھی میں حلف لیا۔
سندھ اسمبلی کے 168 اراکین میں سے 114 کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے جبکہ 36 اراکین کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے، تاہم، آج 148 اراکین نے حلف لیا اور مجموعی طور پر 13 اراکین حلف برداری کی تقریب میں شریک نہ ہوئے۔
حلف برداری کے بعد اراکین نے ظہرانے میں مچھلی، چکن کڑاہی، چکن بوٹی، تکّے، پوری پراٹھے، چکن قورمہ، روغنی نان، چائے اور کولڈ ڈرنک سے شکم سیری کی۔
کھانے کے بعد اراکین کو قہوہ بھی پیش کیا گیا۔