امریکہ کی معروف سوشل میڈیا کمپنی ریڈ اٹ reddit نے پہلی بار اپنے شیئر مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم اہم بات یہ ہے کہ کمپنی اپنے فعال ترین صارفین کو یہ شیئر ترجیحی بنیادوں پر بیچے گی۔
مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کے لیے مشہور کمپنی ریڈ اٹ کو گذشتہ برس 80 کروڑ ڈالر کی آمدنی ہوئی ہے تاہم یہ کمپنی منافع میں نہیں اور اتنی آمدن کے باوجود پچھلے برس اسے 9 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا۔
ریڈ اٹ کی آمدن اشتہارات سے ہوتی ہے۔ جمعرات کو کمپنی نے نیویارک اسٹاک مارکیٹ میں لسٹ ہونے کے لیے درخواست دی ہے۔
کمپنیاں جب پہلی مرتبہ شیئرز فروخت کے لیے لاتی ہیں تو وہ اپنے بڑے سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر حصص خریدنے کا موقع دیتی ہیں۔ اس طرح ان سرمایہ کاروں کو سستے شیئرز ملتے ہیں کیونکہ مارکیٹ میں آتے ہی شیرز کی قیمت بڑھنے کا امکان ہوتا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا کمپنیاں اپنے ان صارفین کو منافعے میں سے کم ہی حصہ دیتی ہیں جن کے فعال ہونے کے سبب ان کی آمدن میں اضافہ ہوتا ہے۔ عام طور پر منافعے میں سے یہ حصہ ویڈیوز کے بڑی تعداد میں دیکھے جانے پر ہی ملتا ہے۔
تاہم ریڈ اٹ نے یہ سہولت اپنے فعال ترین صارفین کو دینے کا فیصلہ کیا ہے جن میں مادریٹرز شامل ہیں۔
نیویارک اسٹاک مارکیٹ کو درخواست میں ریڈ اٹ نے کہا ہے کہ اس کے ہر ہفتے 26 کروڑ 70 لاکھ صارفین ہوتے ہیں اور ہفتے بھر میں ایک ارب سے زائد پوسٹیں کی جاتی ہیں۔