پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے سنسنی خیز میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 5 رنز سے شکست دیدی۔
ملتان میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر179رنز اسکور کیے۔ جواب میں ملتان سلطانز مقررہ 20 اوورز میں 174 رنز ہی بناسکی۔
آخر اوور میں 22 رنز درکار تھے کہ کریز پر افتخار احمد اور محمد علی موجود تھے، افتحار نے 8 گیندوں پر 16 رنز بنائے اور آخری لمحات میں آؤٹ ہوگئے، انھوں نے آؤٹ ہونے سے قبل ایک چھکا اور دو چوکے لگا کر میچ کو سنسنی خیز بنایا لیکن پھر بھی وہ ٹیم کو فتح نہیں دلواسکے، اور ملتان سلطانز میچ 5 رنز سے ہار گئی۔
ملتان سلطانز کے ڈیوڈ میلان نے 52 رنز اسکور کیے جب کہ یاسر خان نے 43 رنز بنائے۔ ریزا ہینڈرکس 28، اسامہ میر 12، عباس آفریدی 11 اور خوشدل شاہ 5 رنز بناسکے جبکہ کپتان محمدرضوان،ڈیوڈ ویلی،شاہ نواز دھانی صفر پرآؤٹ ہوئے۔
زلمی کی جانب سے عارف یعقوب نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ لیوک ووڈ،نوین الحق اور سلمان ارشاد نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری طرف پشاور زلمی کے حسیب اللہ نے37 اور کپتان بابراعظم نے31 رنز اسکور کیے۔ اس کے علاوہ رومین پاول 23، محمد حارث 19، پاول والٹر 1،آصف علی نے 13 رنز بنائے جبکہ لیوک ووڈ 17 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ویلی،محمد علی اور اسامہ میر نے 2،2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہ نواز دہانی اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ملتان سلطانز نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی جبکہ پشاور زلمی نے پلینگ الیون میں 3 تبدیلیاں کیں۔
پشاور زلمی کی ٹیم میں کوڈیمور عامر جمال اور محمد ذیشان کی جگہ حسیب اللہ، پال والٹر اور نوین الحق کو شامل کیا گیا۔
پشاور زلمی کو اپنے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم جمعہ کا میچ جیت کر اس نے فتح کا کھاتہ کھول لیا۔ جبکہ ملتان سلطانز زلمی سے ہارنے سے قبل تین میچز جیت چکی ہے۔