یہ افواہ سوشل میڈیا پورٹل X سمیت متعدد پورٹلز پر گردش کر رہی ہے کہ گوگل نے اگست 2024 سے جی میل ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اس افواہ کا صرف ایک حصہ درست ہے۔
گوگل نے چند ایک تبدیلیوں کا فیصلہ ضرور کیا ہے۔ کمپنی نے بتایا ہے کہ جی میل کا ایچ ٹی ایم ایل ویو فیچر ختم کردیا گیا ہے۔
دنیا بھر میں کروڑوں افراد اپنے دن کا آغاز جی میل اکاؤنٹ کھول کر اپنے نام آنے والی ای میلز کا جائزہ لے کرتے ہیں۔ ایسے میں اس افواہ نے شدید بدحواسی پیدا کی ہے کہ گوگل نے جی میل ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاکھوں کاروباری اداروں کا لین دین جی میل کے ذریعے ہوتا ہے۔
گوگل نے X ہی پر ایک پوسٹ میں وضاحت کی کہ جی میل کو بند یا ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ہاں، ای میل پلیٹ فارم کا جی میل ورژن ضرور بند کردیا گیا ہے۔ اس کی تصدیق گزشتہ ستمبر میں کردی گئی تھی۔ تب کہا گیا تھا کہ 24 جنوری کے بعد یہ خصوصیت کام نہیں کرے گی۔
جمعرات کو X پر ایک پوسٹ نمودار ہوئی جسے دیکھ کر ایسا لگتا تھا کہ یہ گوگل کی طرف سے آئی ہو۔ اس کا ٹائٹل تھا ’جی میل کا سورج غروب ہو رہا ہے۔‘
تصویر یہ بتارہی تھی کہ جی میل کا سفر اب باضابطہ اختتام کے نزدیک ہے۔ کچھ ہی دیر میں یہ تصویر اور پوری پوسٹ جعلی ثابت ہوئی۔
گوگل نے جیمنی کے معاملے میں بھی معافی مانگی ہے۔ اس اے آئی ٹول نے سفید فام لوگوں کی تصویریں پیدا کرنے سے انکار کرتے ہوئے ایسی فرمائش کرنے والوں کو نسل پرست قرار دیا۔ اس کے بعد ہی جی میل سے متعلق افواہ نے سوشل میڈیا پر گردش شروع کی۔ گوگل نے کچھ ہی دیر میں باضابطہ وضاحت جاری کی کہ جی میل یہیں رہے گا، وہ کہیں نہیں جارہا۔
ایچ ٹی ایم ایل ویو کے ذریعے لوگ اپنی ای میلز کم طاقت کے نیٹ ورک ایریا میں بھی اپنی میلز آسانی سے چیک کرسکتے تھے۔