وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن اور سرکاری افسران کیخلاف انتخابات کے دوران سوشل میڈیا پر مذموم مہم چلانے والوں کیخلاف 5 رکنی اعلی سطح کی جے آئی ٹی تشکیل دینے کی منظوری دیدی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اعلیٰ سطح کی جے آئی ٹی پانچ ارکان پر مشتمل ہوگی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے جے آئی ٹی کے سربراہ ہوں گے، جے آئی ٹی میں آئی بی اور آئی ایس آئی کے افسران شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ گریڈ 20 کے پی ٹی اے اور نادرا کے افسران بھی ٹیم میں شامل ہوں گے۔
وزارت داخلہ کی سمری پر کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی۔
ذرائع کے مطابق جعلی بیلٹ پیپرز چھاپنے اور پروپیگنڈے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
اس حوالے سے کابینہ ذرائع نے بتایا کہ مہم کے ذریعے افسران کو بلیک میل کرنے اور دباؤ ڈال کر وفاداری تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔
ذرائع کے مطابق سرکاری افسران کیخلاف پروپیگنڈا آئین کے آرٹیکل 5 کی خلاف ورزی ہے۔ جے آئی ٹی ذمہ داران کا تعین کرکے مقدمات کا اندراج اور مستقبل میں سدباب کے اقدامات تجویز کرے گی۔ تحقیقات کے دوران آئی ٹی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔