Aaj Logo

اپ ڈیٹ 21 فروری 2024 12:59am

روسی صدر کا شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کو لگژری گاڑیوں کا تحفہ

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے ساتھ خصوصی ذاتی تعلقات کے اعتراف میں ایک انتہائی لگژری کار تحفے میں دی ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق، کم جون اُن کو 18 فروری کو جو روسی ساختہ کار موصول ہوئی ہے اس کا نام اور ماڈل ظاہر نہیں کیا گیا۔

کم جونگ ان کے علاوہ یہ گاڑیاں ان کی ہمشیرہ کم یو جونگ اور دیگر اعلیٰ معاونین کو بھی بھجوائی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق، کم یو جونگ نے نہایت شائستگی سے کم جونگ اُن کی جانب سے روسی صدر پوتن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ تحفہ شمالی کوریا اور روس کے سربراہوں کے درمیان خصوصی ذاتی تعلقات کا واضح مظہر ہے۔

دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ تحفہ شمالی کوریا کے خلاف روسی حمایت سے منظور کی گئی اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی کو ظاہر کرتا ہے۔

ان پابندیوں کے تحت شمالی کوریا کو کسی بھی قسم کی گاڑیوں کی فراہمی منع ہے۔

کم جون اُن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ کئی مہنگی ترین کاروں کے مالک ہیں، انہیں مرسیڈیز، رولز روئس فینٹم اور لیگسس کے لگژری ماڈلز میں سفر کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔

گزشتہ برس ستمبر میں روس کے دورے کے دوران، کم جونگ اُن نے پوتن کی سرکاری لیموزین گاڑی کی تعریف کی تھی۔

Read Comments