Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 فروری 2024 05:35pm

سنی اتحاد کونسل نے آزاد اراکین کے بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کرادیے

سنی اتحاد کونسل نے مزید آزاد امیدواروں کے بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے بھی مزید کامیاب آزاداراکین کے سرٹیفکیٹس الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیے گئے۔

پی ٹی آئی نے آج 30 آزاد اراکین کے سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرائے جس کے بعد سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے آزاد اراکین کی تعداد 80 ہو گئی ہے۔

پی ٹی آئی نے سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کا اعلان کردیا

سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے بھی مزید 32 قومی اسمبلی کے آزاد امیدواروں کے بیان حلفی جمع کروائے، جس کے بعد مجموعی طور پر جمع کروائے گئے سرٹیفیکیٹ کی تعداد 82 ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج مزید ایم این ایز کے بیان حلفی بھی جمع کروا دیں گے، اسی طرح صوبائی اسمبلیوں کے کامیاب آزاد امیدواروں کے بیان حلفی بھی جلد جمع کروا دیے جائیں گے۔

سنی اتحاد کونسل کا مخصوص نشستوں کے لیے الیکشن کمیشن سے رابطہ

سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے۔

خط میں استدعا کی گئی ہے سنی اتحاد کونسل کو خواتین اور غیر مسلم مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ نومنتخب آزاد ارکان نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا اعلان کردیا تھا۔

سنی اتحاد کونسل کے خط میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 50 کامیاب آزاد امیدوار اب تک سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوچکے ہیں، جن کے نوٹی فکیشن 16 فروری کو جاری کیے گئے تھے۔

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو مرحلہ وار مخصوص نشستوں کے لیے لکھا جائے گا۔

ان کے مطابق الیکشن کمیشن نے قسطوں میں آزاد امیدواروں کے حتمی نتائج جاری کیے ہیں، جس کی وجہ سے اب ہر امیدوار کے تین دن کے وقت میں فرق آ گیا ہے۔ ان کے مطابق ابھی کچھ لوگوں کے حتمی نتائج جاری نہیں کیے گئے، وہ جب نوٹیفکیشن ہو جائے گا تو پھر مزید مخصوص نشستوں کے لیے رابطہ قائم کیا جائے گا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرست بھی جلد جمع کروا دی جائے گی۔

Read Comments