کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 9 بھٹائی آباد میں بچوں کی لڑائی پر ہونے والے جھگڑے میں فائرنگ سے یوسی چیئرمین جاں بحق ہوگیا،واقعے کی سی سی ٹی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔
مقتول صابر مگسی گلستان جوہر یو سی 9 کا منتخب چئیرمین تھا۔ واقعہ میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے۔
صابر مگسی دو بچوں کا باپ اور پراپرٹی کا کاروبار کرتا تھا جبکہ اس کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا جسے گردن میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔
پولیس کے مطابق مقتول کے اہلخانہ تدفین کے بعد قانونی کارروائی کریں گے جبکہ واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
دونوں گروپوں میں جھگڑے کی سی سی ٹی وی ویڈیو آج نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
گلستان جوہر بھٹائی آباد میں ہونے والے اس جھگڑے کی سی سی ٹہی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں گروپوں کے افراد گلی میں آمنے سامنے آتے ہیں،مخالف افراد پہلے ایک دوسرے سے ہاتھا پائی کرتے ہیِں.
ویڈیو میں کچھ کے پاس پستول اور 1 کے پاس کلاشنکوف ہے, مخالف گروپ کے افراد دوبارہ ہاتھاپائی کرتے ہیں اور اس دوران فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچ جاتی ہے۔
فائرنگ کے بعد ایک شخص زخمی حالت میں بھاگتا نظرآتا ہے۔
پولیس کے مطابق جھگڑے میں فائرنگ سے یوسی چیئرمین جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے، جائے وقوعہ سے 222 اور پستول کی گولیوں کے خول ملے ہیں۔