کراچی والے ہو جائیں تیار، محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک بھر میں بارشوں کے نئے سسٹم کی آمد کی نوید سنا دی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی میں کہنا تھا کہ بارشیں برسانے والا مغربی سسٹم شمالی بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے۔
دوسری جانب آج سجاول، ٹھٹھہ، کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں آج بوندا باندی کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں آئندہ دو روز کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔
جبکہ بلوچستان کے علاقوں سوئی، توبہ اچکزئی، شیلا باغ، قلعہ عبداللہ سمیت کئی علاقوں میں تیز بارش امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے پہاڑی علاقوں پر برفباری اور میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث موسم سرد ہوا ہے۔ میدانی علاقوں میں سب سے زیادہ بارش سوات سیدو شریف اور بالاکوٹ میں 12 ملی میٹر ریکارد کی گئی جبکہ بارش کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسیات کے مطابق صوبے کے پہاڑی علاقوں میں چترال لواری ٹاپ پر 1 فٹ تک برفباری ہوچکی ہے جبکہ سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔