این اے 43 ٹانک کے پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ کے دوران کوٹ اعظم مڈل اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک ہوا۔ واقعے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق 20 سے 25 مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشن پر حملہ کیا۔ فائرنگ کے بعد پولنگ فوری طور پر روکی گئی۔ واقعے کے فوری بعد ووٹرز کی آمد رک گئی تھی تاہم پولنگ عملہ موجود رہا۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سےایک حملہ آور کی ہلاکت کے بعد سیکیورٹی کلئیرنس کا عمل جاری رہا۔
مقامی ذرائع کےمطابق گزشتہ روز سے نامعلوم افرادکی طرف سےاہل علاقہ کو پولنگ میں حصہ نہ لینے کا کہا جا رہا تھا۔
پولنگ اسٹیشن پر11 بجکر 30 منٹ پر حملہ کیا گیا ، اس وقت تک 275 ووٹ پول ہو چکے تھے۔ مردوں کے لیے مختص اس پولنگ سٹیشن میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 954 ہے۔
اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار داور خان کنڈی اور جمعیت علمائے اسلام ف کے مفتی اسعد محمود کے درمیان کانٹے کا متوقع ہوا۔ مولانا اسد محمود سربراہ جمیعت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کے بیٹے ہیں۔
غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کےمطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ داور خان کنڈی 64483 ووٹ لے کا کامیاب ہوگئے۔
جے یوآئی کے مفتی اسعد محمود 63900 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
غیر حتمی نتیجے کے مطابق داور خان کنڈی 583 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوئے۔
واضح رہے جے یو آئی ایف کے امیدوار مولانا اسد محمود نے این اے 43 کے ان پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کی درخواست کی تھی۔
جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 فروری کو ڈی آئی خان میں سیکیورٹی کی خراب صورتحال کی بنا پر 6 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ روکنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا۔