بالی ووڈ اداکارہ اور ایشا دیول اور بزنس مین بھرت تختانی نے چند روز قبل شادی کے 11 سال بعد علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ اب، ان کے خاندان کے ایک قریبی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایشا کے والد دھرمیندر ان کی علیحدگی پر ”اداس“ ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹی اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرے۔
بالی ووڈ لائف کی رپورٹ کے مطابق، ایک اندرونی ذریعہ نے ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’کوئی بھی والدین اپنے بچوں کی فیملی کو ٹوٹتا دیکھ کر خوش نہیں ہو سکتے۔ یہاں تک کہ دھرمیندر جی بھی ایک باپ ہیں اور ہر کوئی ان کے درد کو سمجھ سکتا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ وہ اپنی بیٹی کے علیحدگی کے فیصلے کے خلاف ہیں۔ لیکن چاہتے ہیں کہ وہ اس پر دوبارہ غور کرے۔‘
ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایشا اور ان کے شوہر بھرت دونوں دھرمیندر کے قریب ہیں۔ اور دھرمیندر چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹی اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرے کیونکہ ان کا خیال ہے کہ ٹوٹا ہوا خاندان بچوں کی صحت کو متاثر کرتا ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ، ’وہ واقعی غمگین ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ وہ چاہتے ہیں ایشا علیحدگی پر دوبارہ غور کریں۔ ایشا اور بھرت کی دو بیٹیاں رادھیا اور میرایا ہیں۔ وہ اپنے دادا دادی اور ماموں کے بہت قریب ہیں۔ علیحدگی بچوں کو بری طرح متاثر کرتی ہے اور اس وجہ سے دھرم جی کو لگتا ہے کہ اگر شادی کو بچایا جا سکتا ہے تو انہیں ایسا کرنا چاہیے‘۔
ایشا اور بھرت نے ایک مشترکہ بیان جاری کرکے اپنی علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے بیان میں لکھا تھا ’ہم نے باہمی اور دوستانہ طور پر الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہماری زندگیوں میں اس تبدیلی کے ذریعے، ہمارے دونوں بچوں کی بھلائی اور بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم درخواست کرتے ہیں کہ اس دوران ہماری رازداری کا احترام کیا جائے۔‘
اس سے قبل زوم کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایشا کی والدہ ہیما مالنی نے ان کے فیصلے میں مداخلت نہ کرنے کا انتخاب کیا ہے۔
فیملی ذرائع نے کہا کہ ’وہ یقینی طور پر اپنی بیٹی کے اپنے شوہر سے طلاق لینے کے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کر رہی ہیں۔ یہ ایشا کی زندگی ہے اور ہیما جی اس میں مداخلت نہیں کریں گی۔ انہوں نے کبھی ایسا نہیں کیا۔ وہ اب اپنی بیٹی کے ساتھ ہیں، جیسا کہ وہ ہمیشہ سے رہی ہیں۔ لیکن ہیما جی اپنی بیٹی کے اعمال کا جوابدہ نہیں ہیں‘۔
ایشا اور بھرت کے درمیان کچھ عرصے سے پیدا ہونے والی دراڑ پر تبصرہ کرتے ہوئے، ذریعہ نے مزید کہا کہ ’یہ کچھ عرصے سے چل رہا تھا، ایشا اور اس کے شوہر نے کچھ عرصے پہلے علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا۔ وہ علیحدگی کا اعلان کرنے کے لیے صرف صحیح وقت کا انتظار کر رہے تھے۔ اب جب کہ یہ ہوچکا ہے تو ایشا اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔‘
دوسری جانب ہیما مالنی نے بھرت سے علیحدگی کے بعد بیٹی ایشا کو سیاست میں لانے کا اشارہ دیا ہے۔
جب ان سے ان کی بیٹیوں ایشا اور اہانہ کے سیاست میں ان کے نقش قدم پر چلنے کے امکان کے بارے میں سوال کیا گیا تو ہیما نے آرام دہ اور پرسکون جواب دیا ’اگر وہ چاہیں‘۔
تاہم، اس نے انکشاف کیا کہ خاص طور پر ایشا سیاسی میدان میں گہری دلچسپی ظاہر کرتی ہے۔
ہیما نے کہا کہ ’ایشا اس طرف بہت زیادہ مائل ہیں۔ وہ یہ سب کرنا پسند کرتی ہیں‘۔
واضح رہے کہ ہیما مالنی خود بھی فی الحال بی جے پی کی جانب سے بطور رکن اسمبلی سیاست میں مشغول ہیں۔
ایشا اور بھرت کی شادی 2012 میں ممبئی میں ہوئی تھی۔ وہ دو بیٹیوں رادھیا اور میرایا کے والدین ہیں۔
ایشا دیول کو دھوم، نو انٹری، اور یووا سمیت دیگر فلموں میں اپنے کام کے لیے جانا جاتا ہے۔