پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) فکسڈ براڈ بینڈ سروسز کے لیے کاپر بیسڈ نیٹ ورکس سے جدید آپٹیکل فائبر کیبل (او ایف سی) انفراسٹرکچر میں منتقل ہونے کے لیے تیار ہے جس کا مقصد محفوظ اور تیز رفتار براڈ بینڈ سروسز فراہم کرنا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ یہ منتقلی نئے اور تجدید شدہ لائسنسوں کے ذریعے لازمی ہوگی جس میں محفوظ اور تیز رفتار براڈ بینڈ خدمات فراہم کرنے کے لئے فائبر ٹو دی ہوم (ایف ٹی ٹی ایچ) کنکشن پر فوکس کیا جائے گا۔
سروس کے معیار کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے پی ٹی اے نظر ثانی شدہ فکسڈ براڈ بینڈ کوالٹی آف سروس ریگولیشنز 2022 پر عمل درآمد کرے گا جو انہیں موجودہ اور ابھرتی ہوئی فکسڈ براڈ بینڈ ٹیکنالوجیز جیسے ایکس ڈی ایس ایل، کیبل براڈ بینڈ، فکسڈ وائرلیس، ایف ٹی ٹی ایچ/ گیگابٹ پیسیو آپٹیکل نیٹ ورک (جی پی او این) اور سیٹلائٹ براڈ بینڈ کے ساتھ ہم آہنگ کرے گا۔
ان ضوابط کا مقصد صارفین کو پیش کی جانے والی خدمات کے معیار کا درست اندازہ لگانا ہے۔
پی ٹی اے نیشنل براڈ بینڈ پیمائش (این بی ایم) پروگرام کا استعمال کرتے ہوئے کوالٹی آف سروسز (کیو او ایس) سروے کرے گا، جس میں مسلسل کارکردگی کی پیمائش کے لیے پہلے سے تشکیل شدہ ڈیوائسز اور رضاکاروں کی تعیناتی شامل ہے۔
اس کا اطلاق تھری جی اور فور جی خدمات کے لئے کیو او ایس معیارات کو بہتر بنانے اور سیلولر لائسنسوں میں کوریج کی ذمہ داریوں کو بڑھانے پر ہوگا۔