Aaj Logo

شائع 16 فروری 2024 05:59pm

جامشورو بائی پاس پر جی ڈی اے دھرنا ، کون سے متبادل راستے استعمال ہوسکتے ہیں

جامشورو بائی پاس پر جی ڈی اے کا دھرنا جاری ہے، مسافروں کیلئے متبادل راستے استعمال کرنے کے لئے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

کراچی حیدرآباد موٹروے پر جی ڈی اے کے حامیوں کی بڑی تعداد جمع ہے۔

مظاہرین نے سندھ میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جامشورہ بائی پاس پر دھرنا دے رکھا ہے۔

احتجاج کا مقام انڈس ہائی وے اور سپر ہائی وے سے منسلک ہے۔

ایسے میں ٹریفک جام کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مسافروں کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ کراچی حیدرآباد موٹروے پر سفر کرنے سے گریز کریں کیونکہ جامشورو میں ایم نائن موٹروے پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے ) کے دھرنے کی وجہ سے ٹریفک بند ہے۔

جمعرات کو ایک بیان میں مقامی انتظامیہ نے مسافروں سے جامشورو روٹ سے گریز کرنے کی ہدایت کی اور انہیں ٹھٹھہ روٹ پر قومی شاہراہ پر جانے کی ہدایت کی۔

نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس نے ہالہ سے کراچی نیو سبزی منڈی اور لیاری ایکسپریس وے (سہراب گوٹھ تا آگرہ تاج) کے لیے ٹریفک اپ ڈیٹ جاری کیں۔

انہوں نے عوامی احتجاج کی وجہ سے ہٹری بائی پاس اور لونی کوٹ انٹرچینج سے دو ڈائورژن پوائنٹس بنائے ہیں۔

واضح رہے کہ جامشورو کے قریب تین جامعات میں تعلیمی سیشن بھی معطل کردیا گیا۔

Read Comments