نئی لیگی حکومت بنتے ہی پنجاب پولیس اور بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں لیگی قیادت نے آئی جی پنجاب پولیس کے نام پر غور شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق لیگی حکومت بنتے ہی پنجاب بھر میں افسران اکھاڑ بچھاڑ کی جائے گی، پنجاب اور لاہور پولیس کی کمان ماضی میں تعینات رہنے والے افسران کو دیے جانے پر اتفاق ظاہر کیا گیا ہے۔
اعلی پولیس افسران نے متوقع وزیراعلیٰ کے ساتھ رابطوں کا آغاز کر دیا ہے، حکمران جماعت کا اپنی مرضی کا آئی جی لانے کے بعد اضلاع میں پولیس افسران تبدیل کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے جبکہ کسی متنازعہ پولیس آفیسر کو فیلڈ پوسٹنگ نہیں دی جائے گی۔
پنجاب کے 36 اضلاع میں زیادہ سے زیادہ ڈی پی اوز، آر پی اوز تبدیل کیے جائیں گے جبکہ پولیس افسران کی تعیناتی نومنتخب وزیراعلی پنجاب کی منظوری کے بعد کی جائے گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیورو کریسی میں بھی بے داغ افسران کو لائے جانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی سلسلے میں چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب جاتی امرا میں لیگی قیادت سے ملاقات کرچکے ہیں۔