گزشتہ روزسربراہ جمیعت علمائے اسلام سے ملاقات کرنے والے پی ٹی آئی کے رابطے جماعت اسلامی کے ساتھ بھی بحال ہو گئے۔
تحریک انصاف کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ کا لیاقت بلوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اشتراک عمل پر سراج الحق کا موقف اصولی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اشتراک عمل صرف خیبرپختونخوا کی سطح پر نہیں، وفاقی سطح پر بھی کیا جانا چاہیے۔
لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ وہ آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کروں گا۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کا راستہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کا آج جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف سے رابطہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسد قیصر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم جماعت اسلامی کی قیادت سے ملنا چاہتی ہے۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق ملاقات کا وقت اور جگہ قیادت سے مشاورت کے بعد بتائیں گے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی تمام جماعتوں سے رابطہ کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
’پی پی کیلئے دوٹوک موقف‘ عمران خان سے ملاقات کرنے والے بیرسٹر سیف نے کیا بتایا؟
گزشتہ روز بیرسٹر سیف کے ہمراہ عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کہہ چکے ہیں کہ عمران خان نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کرنے کا ٹاسک دیا ہے، ہم الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے اور جے یو آئی، اے این پی، جماعت اسلامی اور قوم پرست جماعتیں سب سے بات کریں گے۔