پاکستان تحریک انصاف نظریاتی گروپ کے چئیرمین اختر اقبال ڈار دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے ان کی جماعت خریدنے کی بات کی تھی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اختر اقبال ڈار نے کہا کہ الیکشن سے قبل تحریک انصاف کے لوگ میرے پاس آئے اور بلے باز کا نشان مانگا، اس مرتبہ ان لوگوں نے کہا کہ ہم بحیثیت فاتح پارٹی آپ کو جوائن کرنا چاہتے ہیں۔
اختر ڈار کا کہنا تھا کہ انہوں نے مجھے کہا ہم آپ کو جوائن کرتے ہیں آپ دبئی چلے جائیں، ان لوگوں نے مجھے کہا کہ آپ یہ پارٹی مجھے بیچ دیں۔
اختر اقبال ڈار نے کہا کہ یہ لوگ ٹکٹیں بیچتے رہے اور ووٹ خریدتے رہے یہ کیسے شفافیت لائیں گے، یہ لوگ علی امین گنڈا پور، میاں اسلم اقبال اور پرویز الہیٰ کو آگے لائے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے دوستوں نے کہا آپ اس پارٹی کے چیرمین بن جائیں، میں اپنی شفافیت کی لائین پر کھڑا ہوں، بانی پی ٹی آئی نے شفافیت کا جنازہ نکال دیا، یہ وزیراعظم کی کرسی کیلئے زرداری اور فضل الرحمان سے بات کر رہے ہیں۔
اختر اقبال ڈارنے کہا کہ اگر یہی سب کچھ کرنا تھا تو نظریاتی لوگوں کو کیوں خراب کیا، تحریک انصاف نظریاتی ملک سے پیسے کی سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو طاقتور بنایا جائے، اور ای وی ایم کے ذریعے الیکشن کروائے جائیں۔