ایک طرف الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 لاہور سے عون چوہدری کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے تو دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بلیو ٹک والے جعلی اکاؤنٹ سے سلمان اکرم راجہ کی جیت اعلان کردیا گیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کی کامیابی کے خلاف سلمان اکرم راجہ کی درخواست پرسماعت کی۔
اس دوران ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے عدالت کوآگاہ کیا کہ 12 فروری کا این اے 128 میں عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے رہے ہیں، غلطی الیکشن کمیشن سے ہوئی اس وجہ سے نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
عدالت نے ڈی جی لاء الیکشن کمیشن کے بیان کے بعد سلمان اکرم راجہ کی درخواست نمٹا دی۔
ابھی الیکشن کمیشن کی جانب سے عون چوہدری کی حتمی کامیابی اعلان بھی نہیں ہوا تھا کہ اس کے ایک بلیو ٹک رکھنے والے جعلی اکاؤنٹ سے سلمان اکرم راجہ کی جیت کا اعلان کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے پیروڈی اکاؤنٹ کی جانب سے ٹوئٹ میں لکھا گیا ’عدالتی حکم پر حلقہ 128 NA میں فارم 45 کے مطابق رزلٹ تیار کیا جا رہا ہے جس میں سلمان اکرم راجہ 45690 ووٹوں کی لیڈ سے عون چوہدری سے جیت گئے ہیں جلد ہی رزلٹ الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر اپلوڈ کر دیا جائے گا‘۔
واضح رہے کہ جہانگیر ترین کی استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے عون چوہدری اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ حلقہ این اے 128 سے ایک دوسرے کے خلاف مدمقابل آئے تھے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نتائج کے مطابق محمد عون ثقلین ایک لاکھ 72 ہزار576 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ٹھہرے جبکہ سلمان اکرم راجہ ایک لاکھ 59 ہزار 24 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پررہے تھے۔
سلمان اکرم راجہ نے انتخابی نتائج چیلنج کیے تھے جس پر سماعت کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن کو این اے 128 کا نتیجہ جاری کرنے سے روکا تھا۔