گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے انتخابی دھاندلی کے خلاف جمعہ کو احتجاج کا اعلان کردیا۔
جی ڈی اے کی جانب سے احتجاج کی کال کے بعد ایم 9 موٹروے کراچی اور جامشورو ٹول پلازہ کےمقام پر شرکاء کی آمد شروع ہوگئی ہے۔
جامشورو اور کوٹری کو ملانے والے اوور ہیڈ برج پر اسٹیج بنایا جائے گا۔
دھرنا منتظمین کا کہنا ہے کہ ایم 9 موٹروے کل ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند ہوگی، پیرپگارا کے حُر دھرنے کے انتظامات اور سیکیورٹی پرمامور ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور جی ڈی اے نے انتخابات میں دھاندلی پر احتجاج کی کال دی ہوئی ہے، تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کارکنان کو احتجاج کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کل کراچی میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
جی ڈی اے نے سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے جس پر پی ٹی آئی سندھ نے ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں جمیعت علما اسلام ف نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
کراچی میں جمعیت علماء اسلام نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کیا، احتجاج میں مقامی رہنماؤں اور امیدواروں نے خطاب کیا۔