گوگل کے سی ای اوسندر پچائی کے حوالے سے ایک دلچسپ اور حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے کہ وہ ایک وقت میں 20 سے زائد فونز استعمال کرتے ہیں۔
عام طور پر گوگل کمپنی جب کبھی کوئی نیا فیچر متعارف کراتی ہے، تو پہلے اس پر تجربہ کرتی ہے، اس کے لیے وہ کئی ماہ بھی لگا دیتی ہے، لیکن صارفین کی آسانی اور سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی ہے۔
گوگل کے سی ای او اور بھارتی نژاد سندر پیچائی نے انکشاف کیا کہ وہ مختلف وجوہات کی بنا پر بیک وقت 20 سے زائد موبائل فونزاستعمال کیا کرتے ہیں۔
گوگل کے سی ای او کا مزید کہنا تھا کہ یہ ان کی نوکری کا حصہ ہے، جس میں انہیں ڈیوائس کے ٹیسٹ کے لیے مختلف موبائل فونز درکار ہوتے ہیں، اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ گوگل پروڈکٹس کار آمد ثابت ہو رہے ہیں یا ان میں کسی قسم کا خلل آ رہا ہے؟
دوسری جانب سندر پیچائی سے سوال کیا گیا کہ بچے موبائل اسکرین پر کتنا وقت گزاریں، تو ان کا کہنا تھا کہ سخت قوانین کے بجائے ذاتی حدود کا تعین کرنا ضروری ہے۔
اکاؤنٹس کے تحفظ سے متعلق سندر پیچائی نے بتایا کہ وہ اپنے اکاؤنٹ پر پاسورڈ نہیں لگاتے ہیں بلکہ Two Step Verification کو فوقیت دیتے ہیں۔
جبکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے متعلق گوگل کے سی ای او کا کہنا تھا کہ بجلی کے مقابلے میں اے آئی انسان کی سب سے بڑی ایجاد ہے۔