Aaj Logo

شائع 14 فروری 2024 09:27pm

حکومت سازی سے قبل ن لیگ کا گیس، بجلی اور پیٹرول مہنگا کرنے کا عندیہ

حکومت سازی سے قبل ہی ن لیگ نے گیس، بجلی اور پیٹرول مہنگا کرنے کا عندیہ دے دیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے یہ بھی کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہماری میثاق معیشت کی پیش کش کو مسترد کردیا۔

عام انتخابات کے بعد مسلم لیگ ن اتحادیوں کو ملا کر وفاقی حکومت بنانے کی تیاری کررہی ہے اور ن لیگ کا موقف ہے کہ ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے سب کو مل کر آگے بڑھنا چاہیے۔

ایسے میں خواجہ آصف کا یہ بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ میثاق معیشت پر تو ہم نے پاکستان تحریک انصاف کو بھی پیش کش کی تھی، تاہم پی ٹی آئی نے ہماری میثاق معیشت کی پیش کش کو مسترد کردیا تھا۔

وزارت عظمیٰ کے امیدوار کیلئے صدر ن لیگ کی نامزدگی پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ شہباز شریف دیگر جماعتوں کے ساتھ اچھا ڈیل کرسکیں گے، نوازشریف قائد ہیں ان کا حکم فائنل ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ بعض شہروں میں 87 فیصد بجلی چوری ہوتی ہے، ان حالات میں گیس، بجلی اور پیٹرول مہنگا کرنا پڑے گا۔

سابق وفاقی وزیر اور لیگی رہنما نے کہا کہ چوری بند کردیں، گیس بجلی سستی ہوجائےگی۔

Read Comments