وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسلم لیگ ن اور ایم کیوایم پاکستان کے قائدین کی اہم مشاورتی بیٹھک ہوئی۔ جس میں باہمی تعاون سے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی کے تمام ٹاؤنز میں ”جشن فتح“ منانے کا اعلان کیا ہے۔ ڈپٹی کنوینئر انیس قائم خانی کی زیر صدارت ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بھی ہورہا ہے۔
کنوینئرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی صدارت میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں گورنر سندھ کامران ٹسوری، ڈاکٹر فاروق ستار ، مصطفی کمال بھی شریک تھے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق اور ملک محمد احمد خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔
دونوں جماعتوں کے قائدین نے سیاسی صورتحال اور حکومت سازی سے متعلق مشاورت کی اور باہمی تعاون سے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔
صدر ن لیگ شہبازشریف نے ایم کیوایم کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
کراچی میں رابطہ کمیٹی اجلاس سے قبل بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ عوام نے ایم کیو ایم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، آپ کے وارث واپس آپ کے درمیان پہنچ چکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ نومنتخب اراکین عوام میں رہ کر مسائل حل کریں گے، تمام مسائل کے حل کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
کراچی میں ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہورہا ہے۔
ڈپٹی کنوینئرانیس قائم خانی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔
اجلاس میں نومنتخب ممبرز قومی و صوبائی اسمبلی بھی شریک ہیں۔