کراچی کے مختلف علاقوں میں بونداباندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
کراچی میں منگل کو صبح سویرے سے ہی کالے بادلوں کا راج ہے۔
شہر قائد میں بادلوں اور ہلکی بوندا باندی نے موسم کو دلفریب بنادیا، کراچی کے مختلف علاقوں گرومندر، نمائش، سولجر بازار، لسبیلہ اور ایم اے جناح روڈ پر بوندا باندی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور کراچی سمیت جامشورو، ٹھٹھہ، سجاول میں آج سے 14 فروری تک بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد ہے۔
اس کے علاوہ آج رات سے 14 فروری تک، جیوانی، گوادر، اورماڑہ، تربت، پنجگور، بیلہ، اُتھل اور اطراف میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔
علاوہ ازیں سندھ کے بیشتر مقامات پر موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ بالائی سندھ میں صبح کے وقت ہلکی دھند کا امکان ہے۔