Aaj Logo

شائع 12 فروری 2024 05:35pm

الیکشن کمیشن نے انتخابات میں دھاندلی کےالزامات کو مسترد کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ایک دو واقعات سے انکار نہیں کیا جاسکتا تاہم اس کے تدارک کیلئے متعلقہ فورمز موجود ہیں۔ کچھ حلقوں میں نتائج کی تاخیر سے کسی مخصوص سیاسی جماعت کو فائدہ یا نقصان نہیں پہنچا۔

اعلامیہ کے مطابق مشکلات اور مسائل کے باوجود 8 فروری کو انتخابی عمل پرامن رکھنے میں کامیاب رہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے شکایات پر فوری فیصلے کیے جارہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات ایک بہت بڑا آپریشن تھا جسے کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا، ای ایم ایس نے آر اوز کے دفاتر میں تسلی بخش کام کیا، موبائل سروس کی بندش سے پریذائیڈنگ افسران الیکٹرانک ڈیٹا بھیجنے سے قاصر رہے۔

نتائج میں تاخیر سے متعلق الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ معمول کی کوآرڈینیشن اور نقل و حمل کو موبائل سروس کی بندش نے بری طرح متاثر کیا۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ 2018 کے انتخابات کا پہلا نتیجہ اگلے روز صبح 4 بجے موصول ہوا تھا، اس مرتبہ پہلا نتیجہ رات دو بجے موصول ہوا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کچھ حلقوں کے علاوہ انتخابات کے نتائج ڈیڑھ دن میں مکمل کیے گئے، کچھ حلقوں میں نتائج کی تاخیر سے کسی مخصوص سیاسی جماعت کو فائدہ یا نقصان نہیں پہنچا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 2018 کے انتخابات میں نتائج کی تکمیل میں تین روز لگے تھے۔

Read Comments