Aaj Logo

اپ ڈیٹ 12 فروری 2024 03:25pm

اسلام آباد کی تینوں نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے اسلام آباد کی تینوں سیٹوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ 2 حلقوں میں مسلم لیگ (ن) جبکہ ایک حلقے میں استحکام پارٹی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 46 سے ن لیگ کے انجم عقیل کامیاب قرار پائے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 47 سے ن لیگ کے طارق فضل چوہدری کامیاب قرار پائے، جب کہ این اے 48 سے آزاد امیدوار راجہ خرم نواز کامیاب قرار پائے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ آزاد امیدوار 3 دن میں کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہوسکتے ہیں۔

نوٹیفکشین چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے فارم 47 چیلنج کیے جانے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تینوں نشستوں کے ریٹرننگ افسران کو نتائج کے حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا تھا، ان حلقوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں ن لیگ کے امیدوار کامیاب قرار پائے تھے۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق این اے 46 اسلام آباد سے مسلم لیگ ن کے انجم عقیل خان کامیاب اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عامر مسعود دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ این اے 47 اسلام آباد سے بھی ن لیگ کے طارق فضل چوہدری کامیاب اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شعیب شاہین دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

این اے 48 سے آزاد امیدوار راجا خرم شہزاد نواز نے کامیابی حاصل کی تھی اور یہاں سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید محمد علی بخاری دوسرے نمبر پر رہے تھے اور راجا خرم شہزاد نے کامیابی کے بعد ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں

سندھ ہائیکورٹ میں انتخابی نتائج کیخلاف تمام درخواستوں کی فوری سماعتکی استدعا منظور

الیکشن کمیشن نے نتائج کا اجرا روکنا شروع کردیا، دوبارہ پولنگہوگی

Read Comments