Aaj Logo

شائع 10 فروری 2024 05:02pm

ٹیک آف سے چند لمحات قبل مسافر نے طیارے کا ہنگامی دروازہ کھول دیا

تھائی لینڈ کے ایک ایئر پورٹ ٹیک آف سے چند لمحات پیشتر ایک کینیڈین مسافر نے طیارے کا ہنگامی دروازہ کھول دیا۔ دروازہ کھلتے ہی ہنگامی لینڈنگ کی صورت میں استعمال ہونے والی سلائیڈ بھی کھل گئی۔

چیانگ مائی ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ صرف متعلقہ جہاز ہی کی روانگی میں تاخیر نہیں ہوئی بلکہ بارہ دوسری پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔

کینیڈین سیاح کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس کے وکیل نے تفتیش کرنے والوں کو بتایا کہ وہ اپنے حواس میں نہ تھا اور بے دھیانی میں یا ذہنی رَو کے باعث دروازہ کھول بیٹھا۔

یہ واقعہ بدھ کی رات کا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈین سیاح نے ہنگامی دروازہ کھولنے کا اعتراف کرلیا۔ ساتھ ہی ساتھ اُس نے یہ بھی کہا کہ اُس نے گھبراکر دروازہ کھولا تھا کیونکہ اُسے ایسا لگ رہا تھا کہ کچھ لوگ اُس کا پیچھا کر رہے ہیں اور اُسے دبوچنا چاہتے ہیں۔

ہنگامی دروازہ کھلنے کے بعد طیارے کو دوبارہ ٹرمنل پر لے جایا گیا جہاں سلامتی سے متعلق پورے پروسیجر کے تحت جہاز کا جائزہ لیا گیا۔ نئے سرے سے کلیئرنس ملنے ہی پر پرواز روانہ کی گئی۔

اس پرواز کے ایک مسافر ایننیا ٹینگٹائے نے بتایا کہ ہنگامی دروازہ کھلنے پر طیارے میں بدحواسی پھیل گئی۔

گزشتہ ماہ ایک فضائی مسافر کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا تھا جب اس نے رن وے پر کھڑے ہوئے طیارے کا دروازہ کھول کر اس کے پر کی سیر شروع کردی تھی۔ گوئٹے مالا جانے والے جہاز کو ایئر کنڈیشننگ سسٹم کی خرابی یا پانی کی قلت کے باعث کئی گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Read Comments