الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 88 خوشاب 2 اور پی ایس گھوٹکی 18 کے انتخابی نتائج روک دیے۔
الیکشن کمیشن نے این اے 88 کے 26 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا حکم بھی دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 88 کے 26 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ 15فروری کو ہوگی۔
واضح رہے کہ غیر سرکاری نتیجے کے مطابق اس نشست سے آزاد امیدوار محمد معظم شیر 67800 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ آزاد امیدوار محمد اکرم خان 60170 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پی ایس گھوٹکی 18 کا نتیجہ بھی روک لیا ہے، جس کے دو پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔
اسی طرح خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلی کی ایک نشست کے پی 90 کا نتیجہ بھی روک لیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر حلقہ این اے 128 کا نتیجہ روک دیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے این اے 64 گجرات کا حتمی نتیجہ بھی جاری کرنے سے روک دیا۔
الیکشن کمیشن نے قیصرہ الٰہی کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین کو 15 فروری کو طلب کر لیا، ساتھ ہی این اے 64 گجرات کے ریٹرننگ افسر سے تین دن میں جواب مانگ لیا۔
الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر کو قیصرہ الہیٰ یا ان کے وکیل کی موجودگی میں فارم 47 تیار کرنے کی ہدایت کردی اور کہا کہ ڈی پی او گجرات یقینی بنائیں کہ فارم 47 کیلئے کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ ریٹرننگ افسر قیصرہ الہیٰ کے تحفظات سن کر ازالہ کرے۔