پاکستانی اداکارہ اورمیزبان عفت عمر نے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کی جیت کو مذاق قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر کیے گئے پوسٹ میں عفت عمر کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ ہار رہے ہیں اور عون چوہدری جیت رہے ہیں، یہ اس الیکشن کا سب سے بڑا مذاق ہے۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اس سب کو رُکنا چاہیے اور یہ قبول کریں کہ اب آپ کے ہاتھ سے معاملہ نکل چکا ہے۔ جیسا بھی ہو، عوام اسے چاہتی ہے، یہ ایک حقیقت ہے، جسے برداشت کریں۔
سوشل میڈیا پرماضی میں عفت عمر پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتی دکھائی دیتی تھیں، اس لیے کئی حلقوں میں ان کی اس پوسٹ کو حیرت کی نطر سے دیکھا جارہا ہے۔
عون چوہدری کی جیت: نور بخاری نے منفی تبصرے کرنے والوں کو خبردار کردیا
واضح رہے کہ جہانگیر ترین کی استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے عون چوہدری اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ حلقہ این اے 128 سے ایک دوسرے کے خلاف مدمقابل آئے تھے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نتائج کے مطابق محمد عون ثقلین ایک لاکھ 72 ہزار576 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ٹھہرے جبکہ سلمان اکرم راجہ ایک لاکھ 59 ہزار 24 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پررہے۔
اہم بات یہ ہے کہ سلمان اکرم راجہ نے انتخابی نتائج لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیے ہیں جس پر سماعت کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن کو این اے 128 کا نتیجہ جاری کرنے سے روک دیا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے فریقین کو 12 فروری کو طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔